سرکاری گندم کے ذخائر کا اجراء، آٹا اور روٹی کی قیمتیں مستحکم رکھنے کا فیصلہ

07-14-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے میں گندم، آٹے اور روٹی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے سرکاری گندم کے ذخائر کا اجرا شروع کر دیا۔

محکمہ خوراک کے مطابق سرکاری گندم فلور ملوں کو 3 ہزار 800 روپے فی 40 کلوگرام کے نرخ پر فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ نے بتایا کہ سرکاری گندم کے اجرا کا مقصد مارکیٹ میں گندم اور آٹے کی وافر دستیابی یقینی بنانا اور قیمتوں کو قابو میں رکھنا ہے، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ گندم کے نرخ میں بتدریج کمی لائی جائے گی تاکہ آٹا اور گندم عام شہریوں اور غریب طبقات کی دسترس میں رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاسکو کی ایک ملین میٹرک ٹن گندم حکومت پنجاب کو منتقل کی جا رہی ہے، جس کا مقصد صوبے میں گندم کے ذخائر کو مزید مستحکم کرنا اور عوامی ضروریات کے مطابق وافر دستیابی یقینی بنانا ہے۔ ڈی جی فوڈ پنجاب کے مطابق سرکاری ذخائر کا اجرا ایک مربوط حکمت عملی کے تحت جاری رکھا جائے گا جبکہ مارکیٹ میں گندم اور آٹے کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ صوبے میں آٹے اور گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، محکمہ خوراک عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے اور گندم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات کر رہا ہے۔