لاہور سیالکوٹ موٹروے: ٹرالر نے کار کو روند ڈالا، ساس ،بہو جاں بحق، 3 افراد زخمی
07-14-2026
(لاہور نیوز) لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر تیز رفتار ٹرالر نے کار کو روند ڈالا۔
موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے میں ایک ہی خاندان کی دو خواتین جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے، جاں بحق خواتین میں ساس اور بہو شامل ہے، زخمیوں میں تین سالہ میرال اس کا والد اور دادا شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیموں کی مدد سے جاں بحق خواتین کی لاشوں اور زخمی افراد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثہ ٹرالر ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا، ڈرائیور ٹرالر سمیت فرار ہوگیا۔ حادثے کا شکار خاندان گوجرانوالہ سے لاہور جا رہا تھا، زخمیوں میں60 سالہ ندیم ولد یعقوب، 3سالہ میرال ولد حمزہ اور 40 سالہ حمزہ ولد ندیم شامل ہیں، جاں بحق کی شناخت 60 سالہ فرزانہ ندیم اور 30 سالہ ثنا حمزہ کے نام سے ہوئی ہے۔