قیدیوں کی اصلاح اور بنیادی حقوق کا تحفظ اولین ترجیح: گورنر پنجاب

07-14-2026

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے نو تعینات انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل خانہ جات میاں سالک جلال نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، جس میں پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور اصلاحی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران آئی جی جیل خانہ جات نے گورنر پنجاب کو جیلوں میں قیدیوں کے لیے دستیاب سہولیات اور جاری اصلاحی پروگراموں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے میاں سالک جلال کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں سزا کاٹنے والے افراد بنیادی انسانی حقوق کے مستحق ہیں اور انہیں باوقار ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قیدیوں کی اصلاح اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جیلوں میں اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ مختلف فنی اور تکنیکی کورسز بھی کرائے جائیں تاکہ رہائی کے بعد وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جیلوں میں قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن وسائل کو یقینی بنایا جائے۔