پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 کا پہلا ٹی 20 میچ آج ہو گا
07-14-2026
(لاہور نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ آج کراچی میں کھیلا جائے گا۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہو گا، دونوں ٹیمیں جیت کیلئے پر عزم ہیں۔ گزشتہ روز پاک جنوبی افریقہ ویمن انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ پاکستان ٹیم کی کپتان فضا فیاض نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کیلئے پوری ٹیم پرجوش ہے اور بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی، جنوبی افریقہ ایک مضبوط حریف ہے، اس لئے کامیابی کیلئے نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کیلئے ظہیر عباس اور ماجد خان انکلوژرز میں داخلہ مفت ہو گا، ینگ کھلاڑیوں کیلئے یہ سیریز بہت اہم ہے، سیریز میں اچھے نتائج کیلئے پرعزم ہیں۔ جنوبی افریقی کپتان میکا فین فارسٹ کا کہنا ہے کہ اگر انہیں موقع ملے تو بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو ملنا پسند کریں گی، پاکستان آ کر سیریز کھیلنے کی کافی خوشی ہے۔