52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے زیرِ تربیت اے ایس پیز کی آئی جی پنجاب سے ملاقات
07-14-2026
(لاہور نیوز) 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے تحت زیرِ تربیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز) کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم سے ملاقات کی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 14 زیرِ تربیت اے ایس پیز پر مشتمل وفد میں 2 خواتین افسران بھی شامل تھیں، جبکہ افسران کا تعلق خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ اور دیگر صوبوں سے تھا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس کو آئی ٹی بیسڈ ایپلیکیشنز، جدید کمیونٹی پولیسنگ اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بھرپور وسائل فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے "محفوظ پنجاب وژن" کے تحت خواتین اور بچوں پر تشدد، زیادتی اور ہراسگی کے واقعات پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ صوبہ بھر کو تحصیل کی سطح تک آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے لیس سیف سٹی سسٹم سے منسلک کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے زیرِ تربیت افسران پر زور دیا کہ آن گراؤنڈ پولیسنگ، مشاہدہ اور بروقت فیصلہ سازی کا عملی تجربہ ان کے پیشہ ورانہ کیریئر میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افسران قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرنے کو اپنی ترجیح بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے زیرِ تربیت افسران کو پنجاب سیف سٹیز کے جدید انفراسٹرکچر، سرویلنس سسٹمز اور ورچوئل ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی پولیس اور دیگر شعبوں میں فیلڈ ٹریننگ، اے ایس پیز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی۔ ساتھ ہی انہوں نے کمیونٹی پولیسنگ، شہریوں سے مؤثر رابطے اور ماتحت فورس کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے زیرِ تربیت افسران سے تربیت کے دوران حاصل ہونے والے تجربات کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق زیرِ تربیت افسران کو چھ ماہ کی فیلڈ ٹریننگ کے لیے پنجاب کے مختلف اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے، جہاں انہیں آپریشنز، انویسٹی گیشن، سی سی ڈی، ٹریفک مینجمنٹ، پبلک سروس ڈلیوری اور کرائم کنٹرول سمیت مختلف شعبوں میں عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ عاصم گلزار، ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محمود، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محمد علی نیکوکارا، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔