ثاقب چدھڑ اور اداکارہ مومنہ اقبال کے تنازع میں اندراج مقدمہ کا حکم معطل

07-14-2026

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور اداکارہ مومنہ اقبال کے درمیان مبینہ 80 لاکھ روپے کی امانت میں خیانت کے تنازع سے متعلق اہم پیش رفت کرتے ہوئے جسٹس آف پیس کے اندراج مقدمہ کے حکم کو معطل کر دیا۔

جسٹس عبہر گل خان نے رمشا اقبال کی درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست میں اٹھائے گئے نکات توجہ طلب ہیں، لہٰذا جسٹس آف پیس کا اندراج مقدمہ کا حکم فی الحال معطل کیا جاتا ہے۔ عدالت نے ثاقب چدھڑ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور کیس کی مزید سماعت 14 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ درخواست گزار کے مطابق ثاقب چدھڑ  نے ان کے خلاف 80 لاکھ روپے امانت میں خیانت کے الزام میں مقدمہ درج کرانے کیلئے جسٹس آف پیس سے رجوع کیا تھا، تاہم جسٹس آف پیس نے درخواست گزار کا مؤقف سنے بغیر اندراج مقدمہ کا حکم جاری کر دیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جسٹس آف پیس کا اندراج مقدمہ سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ یہ قانونی تقاضے پورے کئے بغیر صادر کیا گیا۔