مون سون ایمرجنسی پلان فعال، فیلڈ فارمیشنز ہائی الرٹ
07-14-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت مون سون تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مون سون کے دوران عوام کو محفوظ اور بلا تعطل سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے مختلف انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کی تمام فیلڈ فارمیشنز کو مون سون کے دوران ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ تمام افسران اور فیلڈ ٹیمیں ہر وقت شاہراہوں پر موجود رہیں، بارش کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار رہیں۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ سڑکوں کے شولڈرز، پلوں، کلورٹس اور ڈرینج سسٹم کا فوری معائنہ کیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے، بارشی پانی کی فوری نکاسی کیلئے ضروری مقامات پر ڈی واٹرنگ پمپس تعینات کئے جائیں۔ صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے اور مؤثر تعاون برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے باہمی رابطہ کاری کے ذریعے عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات مون سون سیزن کے دوران عوام کو محفوظ اور بلا تعطل سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے مکمل طور پر متحرک رہے گا، غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات راجہ جہانگیر انور، سپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف انجینئرز اور پنجاب بھر کے فیلڈ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔