پی ایچ اے کے کروڑوں کے واجبات وصول نہ ہو سکے، بے ضابطگیوں کا انکشاف
07-13-2026
(لاہور نیوز) لاہور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ( پی ایچ اے) کے مالی سال 2021-22 کے آڈٹ میں 51 کروڑ 38 لاکھ 50 ہزار روپے کے واجبات وصول نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق حکومتی پالیسی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی لاگت کا ایک فیصد درخت لگانے اور ہارٹیکلچر چارجز کی مد میں پی ایچ اے کو منتقل کیا جانا لازم تھا تاہم متعلقہ اداروں سے یہ رقم وصول نہیں کی جا سکی۔ ایل ڈی اے سے 39 کروڑ 40 لاکھ 60 ہزار روپے جبکہ واسا لاہور سے 10 کروڑ 57 لاکھ 20 ہزار روپے کے واجبات تاحال وصول نہیں ہوئے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون نے وصولیاں مکمل ہونے تک آڈٹ پیرا زیر التوا رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو بقایا رقم فوری طور پر پی ایچ اے کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے، آڈٹ رپورٹ میں واجبات کی عدم وصولی کو قواعد و ضوابط اور حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی قرار دیا گیا جبکہ معاملہ انتظامی سطح پر نمٹانے کی سفارش بھی کی گئی۔ پی ایچ اے حکام کا مؤقف ہے کہ ایل ڈی اے اور واسا کو ادائیگی کے لیے مراسلے جاری کیے جا چکے ہیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے متعلقہ محکموں سے فنڈز کی جلد از جلد ریکوری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔