فلور ملز فعال، مارکیٹ میں آٹے کی کوئی قلت نہیں، ترجمان فوڈ سیفٹی
07-13-2026
(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات مزید مؤثر کر دیئے ہیں۔
ترجمان فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں فلور ملز معمول کے مطابق فعال ہیں اور مارکیٹ میں آٹے کی کسی قسم کی قلت نہیں، عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں آٹے کے تھیلوں کی سپلائی بلا تعطل جاری ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر میں 10 کلوگرام آٹے کے 2 لاکھ 58 ہزار 564 تھیلے جبکہ 20 کلوگرام آٹے کے 2 لاکھ 3 ہزار 991 تھیلے مارکیٹ میں فراہم کئے گئے ہیں، مجموعی طور پر اب تک 10 کلوگرام آٹے کے 6 لاکھ 66 ہزار بیگز مختلف اضلاع میں سپلائی کئے جا چکے ہیں۔ ترجمان فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے مطابق پرائیویٹ سیکٹر سے گندم کی خریداری کے بعد فلور ملز میں گرائنڈنگ کا عمل کامیابی سے جاری ہے، جبکہ گندم کی مسلسل خریداری سے کسانوں کو اپنی فصل کی مناسب قیمت بھی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور عوام کو آٹے کی بلا تعطل فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، آٹے کی سپلائی چین متاثر کرنے والے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور قانون کے مطابق بلاامتیاز ایکشن جاری رہے گا۔