برائلر گوشت کے نرخ بڑھ گئے، قیمت 484 روپے کلو مقرر

07-13-2026

(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد برائلر مرغی، مرغی کے گوشت اور انڈوں کے نئے نرخ جاری کر دیئے گئے۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 484 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، تاہم مختلف علاقوں میں صافی گوشت 600 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح زندہ برائلر کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کا ریٹ 305 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 319 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے، پرچون بازار میں زندہ برائلر کی سرکاری قیمت 333 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی ایک روپے فی درجن اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد انڈوں کی سرکاری قیمت 234 روپے فی درجن مقرر کر دی گئی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی 6 ہزار 900 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔