غازی آباد پولیس کی کارروائی، دو منشیات فروش گرفتار، چرس اور افیون برآمد
07-13-2026
(لاہور نیوز) غازی آباد پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت بوٹا اور اسلم کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں منشیات کی سپلائی دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے ڈھائی کلو گرام سے زائد چرس اور 500 گرام افیون برآمد کی گئی ہے، جسے قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔