آزاد کشمیر میں امن کیلئے جماعت اسلامی کا گرینڈ امن جرگہ بنانے کا فیصلہ
07-12-2026
(لاہور نیوز) آزاد کشمیر میں امن کے لیے جماعت اسلامی نے گرینڈ کشمیر امن جرگہ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی زیر صدارت لاہور میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اجلاس کے دوسرے روز آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں آزاد کشمیر میں امن کے قیام کے لیے گرینڈ کشمیر امن جرگہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ امن جرگہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرے گا تاکہ مذاکرات کے ذریعے موجودہ بحران کا پرامن حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مذاکراتی عمل کے لیے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جس میں امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق خان، عبدالرشید ترابی اور ڈاکٹر خالد محمود شامل ہیں، جرگہ کمیٹی میں سابق ججز، عسکری شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی جلد راولاکوٹ کا دورہ کر کے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے براہ راست مذاکرات کرے گی، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، حکومت ہر صورت مذاکرات کا آغاز کرے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال سے مقبوضہ کشمیر کی تحریکِ آزادی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، ان کے بقول مظاہرین کے بعض اعتراضات جائز ہیں تاہم مہاجرین اور مقبوضہ کشمیر کی نمائندگی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، 12 نشستوں کے مسئلے پر بات چیت ضرور ہو گی اور اس کا قابلِ عمل حل بھی نکل آئے گا۔