ہنر مند پنجاب پروگرام: فائنل امتحانات میں تدریسی نظام اور انتظامات پر سوالات اٹھ گئے
07-12-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے " ہنر مند پنجاب پروگرام" کے تحت پنجاب یونیورسٹی میں پہلے اور دوسرے بیج کے فائنل امتحانات جاری تاہم امتحانات کے دوران طلبہ سمیت والدین نے تدریسی نظام اور انتظامات پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ کورس کے دوران صرف ریکارڈ شدہ ویڈیوز فراہم کی گئیں جبکہ باقاعدہ آن لائن کلاسز، اساتذہ کی رہنمائی اور بروقت جواب نہ ملنے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا رہا، ان کے مطابق کورس سے بنیادی معلومات تو حاصل ہوئیں لیکن عملی مہارت کے لیے مناسب تربیت فراہم نہیں کی گئی۔ امتحان دینے والے طلبہ نے مطالبہ کیا کہ تھیوری کے بجائے پریکٹیکل امتحانات کو ترجیح دی جائے تاکہ ہنر سیکھنے کا اصل مقصد حاصل ہو سکے، دوسری جانب بی ڈیپارٹمنٹ میں امتحان کے دوران پنکھے بند ہونے پر طالبات نے شدید احتجاج بھی کیا۔ امتحانی مراکز کے باہر والدین نے بھی انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مناسب بیٹھنے کی سہولت نہ ہونے کے باعث وہ فٹ پاتھ پر بیٹھنے پر مجبور ہیں۔