جوڈیشل ٹاور عدالتی نظام کی بہتری کا منصوبہ، حکومت تعاون کرے گی، اعظم نذیر تارڑ
07-11-2026
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جوڈیشل ٹاور کا منصوبہ پاکستان کی عدالتی تاریخ کا ایک منفرد اور تاریخی منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے وکلاء، سائلین اور عدالتی عملے کو جدید اور معیاری سہولیات میسر آئیں گی۔
جوڈیشل ٹاور کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پنجاب کی پہلی خاتون چیف جسٹس، جسٹس عالیہ نیلم، اپنے بعد آنے والوں کیلئے ایک اہم ورثہ چھوڑ کر جائیں گی، چیف جسٹس نے اپنے دور میں ججز کی مراعات یا رہائشی سہولیات کے بجائے عدالتی نظام، وکلاء اور سائلین کی بہتری کو ترجیح دی۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اپنے قانونی کیریئر کا آغاز لاہور سے کیا اور ان کا ویژن عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، چیف جسٹس عالیہ نیلم کی خصوصی خواہش تھی کہ خواتین وکلاء کیلئے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، جس کے تحت پنجاب میں جدید فیمیل بار رومز اور ڈے کیئر سینٹرز قائم کئے جا چکے ہیں۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ بار کمپلیکس میں تمام جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ جوڈیشل ٹاور میں سیکڑوں گاڑیوں کی پارکنگ سمیت وکلاء اور سائلین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر پہلو کا خیال رکھا گیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں صوبائی حکومت نے اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، وکلاء برادری اور منصوبے سے وابستہ تمام حکام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت جوڈیشل ٹاور منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔