جعلی اور فینسی نمبر پلیٹس کیخلاف پنجاب بھر میں 1 لاکھ 75 ہزار کارروائیاں

07-11-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں جعلی اور غیر نمونہ (فینسی) نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی آ گئی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں 1 لاکھ 75 ہزار سے زائد کارروائیاں کی جا چکی ہیں، جبکہ صرف لاہور میں 42 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف غیر نمونہ اور جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹ میں رد و بدل یا چھیڑ چھاڑ کرنا قانوناً جرم ہے، اس لیے غیر نمونہ فینسی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بند کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک ون ایپ کے ذریعے جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے، جبکہ سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز بہترین حکمت عملی اختیار کر کے مہم کو مزید مؤثر بنائیں۔ محمد وقاص نذیر نے کہا کہ نمبر پلیٹ گاڑی کی شناخت ہوتی ہے، اس کی شناخت چھپانا قانوناً جرم ہے۔  انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ جعلی یا غیر قانونی نمبر پلیٹس لگا کر اپنا مستقبل داؤ پر نہ لگائیں اور محکمہ ایکسائز کی ہدایات کے مطابق منظور شدہ نمبر پلیٹس ہی استعمال کریں۔