ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے امدادی اقدامات، بہاولپور اور ڈی جی خان کیلئے سامان روانہ
07-11-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ممکنہ ہیٹ ویو اور شدید حبس سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور ریسکیو اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق بہاولپور ڈویژن کیلئے 12،12 ہزار لٹر گنجائش کے تین ہینو واٹر باؤزر، 5،5 ہزار لٹر گنجائش کے تین ٹریکٹر واٹر باؤزر، 300 جیری کین، 50 کارٹن کھجوریں اور 4 ہزار بوتلیں منرل واٹر فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کیلئے 5،5 ہزار لٹر گنجائش کے دو واٹر باؤزر، 100 جیری کین، 50 کارٹن کھجوریں اور 3 ہزار بوتلیں منرل واٹر روانہ کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق متاثرہ اضلاع میں پیشگی انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں، جبکہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں ہیٹ ویو اور مون سون کی صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے، انہوں نے کمشنرز بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کو امدادی سامان کے مؤثر استعمال کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے، ہسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ سٹروک کے مریضوں کیلئے ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ شدید گرمی اور حبس کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، دوپہر کے اوقات میں کام کرنے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بچوں اور بزرگوں کا خصوصی خیال رکھیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ، سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے شہریوں میں ہیٹ ویو سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔