روٹ پرمٹ کے بغیر چلنے والی منی مزدا گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہو گی، سی ٹی او لاہور
07-11-2026
(ویب ڈیسک) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عبدالرحیم شیرازی سے پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر تنویر جٹ کی قیادت میں ملاقات کی۔
ملاقات میں منی مزدا ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی، ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا، جبکہ ناجائز چالانوں سے متعلق شکایات بھی سامنے رکھیں۔ اس موقع پر سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ ان شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے اور اب ہر چالان کے ساتھ خلاف ورزی کے شواہد بھی متعلقہ ڈرائیور کو ارسال کئے جا رہے ہیں تاکہ کارروائی میں مکمل شفافیت برقرار رہے۔ عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی منی مزدا گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، لاہور میں تقریباً 22 ہزار منی مزدا گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، جبکہ شہر میں ہونے والے مہلک ٹریفک حادثات میں سے 11 فیصد ڈرائیورز کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غفلت، لاپرواہی، اوور سپیڈنگ اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی جاری رہے گی، اس کے علاوہ شہر میں مقررہ سڑکوں پر مقررہ حد سے زائد لوڈ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے صدر تنویر جٹ نے یقین دہانی کرائی کہ ایسوسی ایشن غیر قانونی اقدامات کی حوصلہ شکنی کرے گی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلئے ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ ملاقات کے اختتام پر سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی نے ٹرانسپورٹرز اور متعلقہ ڈی ایس پیز پر مشتمل مشترکہ کمیٹیوں کی تشکیل کا اعلان کیا، یہ کمیٹیاں باہمی مشاورت کے ذریعے ٹریفک مسائل کے حل کیلئے قابلِ عمل تجاویز مرتب کریں گی۔ اجلاس میں منی مزدا ڈرائیورز کیلئے ٹریفک قوانین سے آگاہی اور محفوظ ڈرائیونگ کے فروغ کیلئے ریفریشر کورسز کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا، تاکہ حادثات میں کمی لانے اور ٹریفک نظم و ضبط کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔