آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین، اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے مزید فنڈز جاری کر دیئے

07-11-2026

(لاہور نیوز) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی صحت و فلاح کو ترجیح دیتے ہوئے علاج معالجے کیلئے 20 لاکھ روپے سے زائد کے میڈیکل فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سب انسپکٹر طاہر عباس کو علاج معالجے کیلئے 3 لاکھ روپے جبکہ سب انسپکٹر کاظم حسین کو اڑھائی لاکھ روپے فراہم کیے گئے، اسی طرح کانسٹیبل محمد راشد خان کو 2 لاکھ 40 ہزار روپے کے میڈیکل فنڈز جاری کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق اے ایس آئی عمر فاروق، اے ایس آئی ندیم عباس اور جونیئر پٹرولنگ آفیسر ذوالفقار علی کو علاج معالجے کی مد میں ایک، ایک لاکھ روپے دیے گئے، لیڈی اے ایس آئی صفیہ، لیڈی ہیڈ کانسٹیبل شاہدہ بلقیس اور لیڈی کانسٹیبل آمنہ شہزادی کو بھی ایک، ایک لاکھ روپے کے میڈیکل فنڈز فراہم کیے گئے۔ مزید برآں اسسٹنٹ شہزاد حسن، ہیڈ کانسٹیبل محمد عمار اور ڈرائیور کانسٹیبل جاوید اقبال کو بھی علاج معالجے کیلئے ایک، ایک لاکھ روپے جاری کیے گئے، جبکہ انسپکٹر محمد نواز، اے ایس آئی محمد یاسین، کانسٹیبل محمد عبداللہ اور لیڈی کانسٹیبل ارشاد بیگم کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 19 ہزار روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی جانچ پڑتال (سکروٹنی) کے بعد فنڈز کے اجراء کی منظوری دی۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں شب و روز مصروف پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے، مختلف اداروں کے ساتھ طے شدہ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کے تحت بھی پولیس ملازمین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔