چیف جسٹس عالیہ نیلم آج جوڈیشل ٹاور کا سنگ بنیاد رکھیں گی،24 ارب روپے لاگت آئیگی

07-11-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کی تمام عدالتوں کو ایک ہی مقام پر منتقل کرنے کے منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، جسٹس عالیہ نیلم، آج جوڈیشل ٹاور کا سنگِ بنیاد رکھیں گی اور اس موقع پر ایوانِ عدل، سیشن کورٹ کا بھی دورہ کریں گی۔

دورے کے دوران چیف جسٹس ماتحت عدالتوں کی سولرائزیشن کے منصوبے سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گی۔ حکام کے مطابق 24 ارب روپے کی لاگت سے دو جدید جوڈیشل ٹاورز تعمیر کیے جائیں گے، جن میں مجموعی طور پر 184 عدالتیں قائم ہوں گی۔ منصوبے میں 476 گاڑیوں کی گنجائش والا پارکنگ پلازہ، 10 منزلہ انتظامی بلاک، تین بیسمنٹ پارکنگ فلورز، ریکارڈ روم، دائرہ برانچ اور اے ڈی سی آر سنٹر سمیت دیگر جدید سہولیات بھی شامل ہوں گی۔ منصوبے کو 30 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد لاہور کی مختلف عدالتوں کو مرحلہ وار ایک ہی جوڈیشل کمپلیکس میں منتقل کیا جائے گا۔