ملک بھر میں موٹرویز اور ہائی ویز کے ٹول ٹیکس میں اضافہ
07-11-2026
(ویب ڈیسک) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر کی اہم موٹرویز، قومی شاہراہوں اور ایکسپریس ویز پر ٹول ٹیکس میں نمایاں اضافہ کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نرخ نافذ العمل ہیں اور ان کا اطلاق تمام اقسام کی گاڑیوں پر ہو گا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹرویز اور ہائی ویز استعمال کرنے والے مسافروں کیلئے ٹول ٹیکس کے نئے نرخ جاری کر دیئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نرخ ایم-1، ایم-3، ایم-4، ایم-5، ایم-14، ای-35 (ہزارہ) ایکسپریس وے، کوہاٹ ٹنل اور اسلام آباد-مری ڈوئل کیرج وے سمیت ملک کے مختلف اہم روٹس پر نافذ کئے گئے ہیں۔ ان کا اطلاق کاروں، ویگنوں، بسوں، دو اور تین ایکسل ٹرکوں اور آرٹیکیولیٹڈ ٹرکوں سمیت تمام اقسام کی گاڑیوں پر ہو گا، این ایچ اے کے مطابق قومی شاہراہوں پر کار کا ٹول ٹیکس 100 روپے، ویگن کا 200 روپے اور بس کا 300 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ایم-3 موٹروے (لاہور تا عبدالحکیم) پر کار کا ٹول ٹیکس 1000 روپے ہو گا، جبکہ ویگن کیلئے 1500 روپے، منی بس کیلئے 2200 روپے اور بس کیلئے 3150 روپے مقرر کئے گئے ہیں۔ ایم-4 موٹروے (پنڈی بھٹیاں تا ملتان) پر کار کا ٹول ٹیکس 1350 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ویگن کیلئے 1950 روپے، منی بس کیلئے 2900 روپے اور بس کیلئے 4050 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ اسی طرح ایم-5 موٹروے (ملتان تا سکھر) پر کار کا ٹول ٹیکس 1500 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ویگن کیلئے 2200 روپے، منی بس کیلئے 3250 روپے اور بس کیلئے 4600 روپے ٹول فیس مقرر کی گئی ہے۔ این ایچ اے نے واضح کیا ہے کہ نئے نرخ تمام متعلقہ ٹول پلازوں پر فوری طور پر نافذ کر دیئے گئے ہیں اور مسافروں سے نظرثانی شدہ فیس وصول کی جا رہی ہے۔