رواں سال بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن میں 23 ہزار 439 ملزمان گرفتار
07-11-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن بھرپور انداز میں جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوری کے خلاف 32 ہزار 181 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 23 ہزار 439 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ بجلی چوری کے 20 ہزار 268 مقدمات کے چالان مکمل کئے جا چکے ہیں اور بجلی چوری میں ملوث 2521 ملزمان کو عدالتوں سے سزائیں اور جرمانے کروائے گئے، اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی چوری کے 8880 مقدمات درج کئے گئے اور 9922 بجلی چور گرفتار کئے گئے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کے خلاف ترجیحی کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔