پنجاب بھر میں ایل پی جی مہنگی، 450 روپے فی کلو تک فروخت
07-10-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں، اوگرا نے رواں ماہ کیلئے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 روپے 43 پیسے فی کلو مقرر کی ہے، تاہم بازار میں ایل پی جی 360 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق صرف ایک روز کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 40 روپے فی کلو تک خودساختہ اضافہ کیا گیا، جس سے گھریلو صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی، جسے کبھی غریب آدمی کا ایندھن سمجھا جاتا تھا، اب عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہے، شہر میں کہیں بھی اوگرا کے مقررہ نرخوں پر ایل پی جی دستیاب نہیں اور ہر دکاندار اپنی مرضی کے مطابق قیمت وصول کر رہا ہے۔ صارفین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے خلاف کارروائی کے بجائے قیمتوں میں من مانی کرنے والے بڑے عناصر اور مافیا کے خلاف مؤثر ایکشن لیا جائے۔