شہریوں کے حساس ڈیٹا کی خرید و فروخت میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب
07-10-2026
(لاہور نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کے سی ڈی آرز، سموں کی معلومات، فیملی رجسٹریشن اور لوکیشن سمیت حساس ڈیٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے محمد ساغر، محمد اشفاق اور ملک صدام کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 14 موبائل فونز، 38 سمیں، بائیومیٹرک اور فنگر پرنٹ سکینرز سمیت بڑی مقدار میں الیکٹرانک آلات برآمد کئے گئے، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان شہریوں کا خفیہ اور حساس ڈیٹا تجارتی مقاصد کیلئے مختلف افراد کو فروخت کرتے تھے۔ ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب نے کہا کہ شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کی چوری اور اس کی غیر قانونی فروخت نہ صرف پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے بلکہ ڈیجیٹل سکیورٹی اور قومی مفادات کیلئے بھی سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حساس ڈیٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔