ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے آئندہ 6 ماہ فیصلہ کن قرار

07-10-2026

(ویب ڈیسک) نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق پاکستان اور دنیا بھر سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے آئندہ 6 ماہ فیصلہ کن ہیں۔

گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو کے پولیو اوور سائٹ بورڈ کے اعلیٰ سطحی وفد  نے پاکستان کا دورہ کیا اور نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) میں انسدادِ پولیو پروگرام کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات کے دوران وفد کو ملک میں پولیو کے خاتمے کیلئے جاری اقدامات، حکمت عملی اور حالیہ پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نیشنل ای او سی کے مطابق وفد نے پاکستان کے انسدادِ پولیو پروگرام پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا، وفد نے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومتِ پاکستان کی مؤثر قیادت اور مضبوط عزم کو بھی سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ آئندہ 6 ماہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں۔ وفد نے اس موقع پر پولیو وائرس کے خاتمے کی مہم کے ساتھ ساتھ معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ بچوں کو قابلِ انسداد بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے صحت عامہ کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ دورے کے دوران پولیو اوور سائٹ بورڈ کے اراکین  نے خواتین فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سے بھی ملاقات کی، ان کے حوصلہ افزا تجربات سنے اور ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کیلئے انجام دی جانے والی ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ وفد نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی غیر معمولی کاوشوں کو پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں کلیدی قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کی بھرپور تعریف کی۔