لاہور میں جوڈیشل ٹاور منصوبے کا آغاز، چیف جسٹس عالیہ نیلم کل سنگِ بنیاد رکھیں گی
07-10-2026
لاہور:(محمد اشفاق) صوبائی دارالحکومت لاہور میں تمام عدالتوں کو ایک چھت تلے لانے کے منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز ہو رہا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم کل ایوانِ عدل، سیشن کورٹ لاہور کے دورے کے دوران جوڈیشل ٹاور منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گی۔
چیف جسٹس اپنے دورے کے آغاز پر ماتحت عدالتوں کی سولرائزیشن منصوبے کا افتتاح کریں گی، جس کے بعد جوڈیشل ٹاور کی سنگِ بنیاد کی تقریب منعقد ہوگی۔ ذرائع کے مطابق تقریباً 24 ارب روپے کی لاگت سے دو جدید جوڈیشل ٹاورز تعمیر کیے جائیں گے، جن میں مجموعی طور پر 184 عدالتیں قائم ہوں گی۔ منصوبے میں 476 گاڑیوں کی گنجائش پر مشتمل پارکنگ پلازہ بھی شامل ہوگا۔ منصوبے کے تحت 10 منزلہ ایڈمنسٹریٹو بلاک بھی تعمیر کیا جائے گا، جس میں تین بیسمنٹ پارکنگ فلورز ہوں گے۔ اس کے علاوہ ڈائری برانچ، ریکارڈ روم، اے ڈی آر (تنازعات کے متبادل حل) سنٹر اور دیگر جدید عدالتی سہولتیں بھی قائم کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق منصوبہ 30 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، جس سے عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، مقدمات کے بہتر انتظام اور سائلین کو ایک ہی مقام پر زیادہ سہولتیں فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔