جمعۃ المبارک: لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم
07-10-2026
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب نے جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور مارکیٹوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے، جبکہ مساجد، امام بارگاہوں کے اطراف اور اہم شاہراہوں پر پولیس پٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام، شہریوں کی جان، مال اور املاک کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے تمام ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے، سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے اور صورتحال کا مسلسل جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں، آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں سے ملاقات کریں، ان کے مسائل سنیں اور فوری حل کے لیے اقدامات کریں۔