پنجاب اور وفاق میں موسمیاتی تبدیلی و فلڈ مینجمنٹ پر تعاون بڑھانے پر اتفاق
07-09-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے ملاقات کی، جس میں مون سون، سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکریٹری، چیئرمین این ڈی ایم اے، ایس ایم بی آر اور ڈی جی پی ڈی ایم اے بھی شریک تھے۔ اجلاس کے دوران "پنجاب کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پلان 2026" پیش کیا گیا، جبکہ وفاق اور پنجاب کے درمیان شدید موسمی واقعات کی بروقت پیش گوئی کے لیے ارلی وارننگ سسٹم کو مزید مؤثر بنانے اور کسی بھی ایکسٹریم ویدر ایونٹ سے کم از کم چھ گھنٹے قبل باہمی رابطہ یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں کلائمیٹ اور فلڈ سے متعلق سینٹرلائزڈ انفارمیشن سکرینز نصب کرنے، مون سون سے قبل فوری موک ایکسرسائزز شروع کرنے اور پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ اداروں کو اوسط بارش، ہیٹ ویو اور دیگر شدید موسمی حالات کے حوالے سے جامع ایڈوائزری جاری کرنے، سیلاب سے نمٹنے کے لیے ضلعی لاجسٹکس مضبوط بنانے اور حساس علاقوں میں کنٹرولڈ ٹورازم یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ سیلاب کے دوران متاثرہ افراد کو بروقت طبی سہولیات، خوراک، رہائش اور دیگر ضروری امداد فراہم کی گئی، جبکہ کسی بڑی وبا کا پھیلاؤ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، واسا اور دیگر اداروں کی استعداد میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور واٹر سٹوریج کی گنجائش بڑھانے پر بھی کام جاری ہے۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے پنجاب حکومت کی موسمیاتی تبدیلی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور فلڈ ریسپانس کے حوالے سے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق وفاقی حکومت تمام صوبوں کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور پنجاب کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس میں گزشتہ سال کے فلڈ آپریشن کا جائزہ بھی پیش کیا گیا اور مستقبل میں ممکنہ شدید موسمی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔