ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ٹاپ 100 ڈیفالٹرز کی فہرست فراہم
07-09-2026
(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ریکوری سکواڈز کو ٹاپ 100 ڈیفالٹر گاڑیوں کی فہرست فراہم کر دی۔
سی ٹی او نے اجلاس کے دوران بتایا کہ سو سے زائد ایسی گاڑیاں موجود ہیں جنہوں نے دس، بیس یا پچاس نہیں بلکہ سینکڑوں مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی، انہوں نے ای چالان سکواڈز کو سیف سٹی کے تعاون سے ان گاڑیوں کی مؤثر ٹریکنگ اور فوری پکڑ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ 20 سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر اے این پی آر (ANPR) ٹیکنالوجی کے ذریعے ای چالان جاری کئے جا رہے ہیں، جبکہ نادہندہ گاڑیوں کو فوری طور پر تھانے میں بند کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ای چالان ڈیفالٹرز کیلئے پولیس کی 14 اہم سروسز، جن میں ڈرائیونگ لائسنس، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور ویریفکیشن سہولیات شامل ہیں، محدود کر دی گئی ہیں، سیف سٹی، پولیس خدمت مراکز اور لائسنسنگ سسٹم کو بھی آپس میں مربوط کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی او نے مزید کہا کہ ای چالان سے بچنے کیلئے نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی جاری ہے، جبکہ شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ چالان سے بچ سکیں اور محفوظ سفری ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔