شاہ رخ خان صرف بڑے سٹار ہیں، اداکار نہیں: فردوس جمال

07-09-2026

(ویب ڈیسک) پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال نے بالی ووڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان کی اداکاری پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ایک بڑا سٹار تو قرار دیا تاہم انہیں بڑا اداکار ماننے سے انکار کر دیا۔

حال ہی میں اداکار فردوس جمال نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے مختلف فنکاروں اور ان کی فنی صلاحیتوں پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے مداح ہیں لیکن شاہ رخ خان کا دلیپ کمار سے موازنہ درست نہیں، دلیپ کمار ایک منفرد اور عظیم اداکار تھے جبکہ شاہ رخ خان اس معیار کی اداکاری پیش نہیں کر سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہ رخ خان کی ادائیگی، تلفظ اور اندازِ گفتگو میں وہ پختگی نظر نہیں آتی جو ایک عظیم اداکار کی پہچان ہوتی ہے، شاہ رخ خان ایک غیر معمولی شہرت رکھنے والے سپر سٹار ضرور ہیں، لیکن بطور اداکار ان کا مقام اتنا بلند نہیں جتنا ان کی مقبولیت ہے۔