وزیر تعلیم کی نئے چیئرمین تعلیمی بورڈز کو شفاف امتحانی نظام یقینی بنانے کی ہدایت

07-09-2026

(لاہور نیوز) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت نئے چیئرمین تعلیمی بورڈز کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے تعلیمی ویژن اور جاری اصلاحات سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر تعلیم  نے کہا کہ امتحانات میں شفافیت اور میرٹ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امتحانی نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، انہوں  نے سپلیمنٹری امتحانات میں آن لائن سکرین مارکنگ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ بوٹی مافیا، نقل مافیا، بدعنوان عناصر اور امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی، جبکہ امتحانی نظام کو ہر قسم کے دباؤ اور سیاسی اثرورسوخ سے آزاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے چیئرمین بورڈز کو ہدایت کی کہ پیپر سیٹنگ، مارکنگ اور انویجیلیشن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، مارکنگ سینٹرز کے باقاعدہ دورے کئے جائیں، غلط پیپر چیک کرنے والوں کا احتساب کیا جائے اور امتحانی مراکز میں طلبہ کو روشنی، پنکھوں، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیر تعلیم  نے کہا کہ چیئرمین بورڈز لاکھوں طلبہ کے مستقبل کے امین ہیں اور انہیں اپنی ذمہ داریاں مکمل دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔