لاہور میں اے آئی ڈرون ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم کا آغاز
07-09-2026
(لاہور نیوز) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) بیسڈ ڈرون ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم کا آغاز کر دیا ہے۔
اس جدید نظام کے ذریعے شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی، روڈ انجینئرنگ کے مسائل اور ٹریفک جام کی وجوہات کی مؤثر نگرانی کی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ ٹریفک جام کی اطلاع ملتے ہی ڈرون فوری طور پر موقع پر پہنچ کر رکاوٹ کی وجوہات کا جائزہ لے گا، جبکہ شاہراہوں پر ٹریفک بہاؤ کی مسلسل نگرانی بھی ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اس اقدام سے ٹریفک مینجمنٹ مزید مؤثر ہوگی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ حکام کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک مسائل کی رئیل ٹائم نگرانی اور فوری ردعمل ممکن ہوگا۔ سی ٹی او لاہور نے مصروف اوقات میں تھرمل ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے مختلف شاہراہوں کی مانیٹرنگ کا جائزہ بھی لیا،ڈرون سسٹم کے ذریعے سموگی وہیکلز، ون وے کی خلاف ورزی، رانگ پارکنگ، تجاوزات اور روڈ انجینئرنگ کے مسائل کی بھی نشاندہی کی جائے گی، اس کے علاوہ ٹریفک سے متعلق ویڈیوز محفوظ کر کے مستقبل کی منصوبہ بندی اور ٹریفک نظام میں بہتری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔