ایس پی سٹی کا تھانہ نولکھا کا دورہ، سکیورٹی اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
07-09-2026
(لاہور نیوز) ایس پی سٹی عاطف امیر نے تھانہ زکی گیٹ اور تھانہ نولکھا کا اچانک دورہ کیا، جہاں متعلقہ ایس ایچ اوز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران ایس پی سٹی نے فرنٹ ڈیسک، فسیلیٹیشن آفیسر، گائیڈ کانسٹیبل اور دیگر عملے کو ہدایت کی کہ تھانے آنے والے شہریوں کی فوری رہنمائی اور مدد کو یقینی بنایا جائے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ ایس پی سٹی نے ایس آئی پی ایس (SIPS) کی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا، جبکہ کیو میٹک مشین، حوالات اور تھانے کی مجموعی سکیورٹی کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کو ہر وقت چوکس اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ دورے کے دوران ایس پی سٹی نے تھانے میں موجود شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے تھانوں کی حاضری، سرکاری ریکارڈ، مالخانہ اور صفائی کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس پی سٹی عاطف امیر نے ہدایت کی کہ ایس آئی پی ایس کی فراہم کردہ سہولیات تک عوام کی آسان رسائی کو یقینی بنایا جائے اور فرنٹ ڈیسک پر موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زیر حراست ملزمان پر تشدد یا کسی بھی قسم کی غیر قانونی حراست ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے مسائل کے فوری اور مؤثر حل کو پولیس کی اولین ترجیح بنایا جائے۔