وسیم عباس نے صبا حمید سے طلاق کی تصدیق کردی

07-08-2026

(ویب ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے پہلی بار اداکارہ صبا حمید سے اپنی علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں کئی برس قبل ایک دوسرے سے الگ ہوچکے تھے، جبکہ ان کی 29 سالہ ازدواجی زندگی قانونی طور پر بھی اپنے اختتام کو پہنچ چکی ہے۔

وسیم عباس اور صبا حمید کو طویل عرصے تک پاکستانی شوبز کی باوقار اور کامیاب جوڑیوں میں شمار کیا جاتا رہا۔ دونوں نے نہ صرف اسکرین پر اپنی اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے بلکہ نجی زندگی میں بھی ان کے تعلقات کو مثالی سمجھا جاتا تھا۔ تاہم حالیہ انٹرویو میں وسیم عباس نے انکشاف کیا کہ وہ اور صبا حمید گزشتہ 14 برس سے علیحدہ رہ رہے تھے۔ اداکار کے مطابق اگرچہ دونوں نے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا، لیکن اس کے باوجود ان کے تعلقات خوشگوار رہے۔ انہوں نے بتایا کہ علیحدگی کے بعد بھی وہ مختلف منصوبوں میں ایک ساتھ کام کرتے رہے اور کبھی کبھار دوستوں کی حیثیت سے ملاقاتیں اور کھانے پر بھی اکٹھے جاتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں کسی ڈرامے میں دوبارہ ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں، کیونکہ ان کے دل میں صبا حمید کے لیے کسی قسم کی تلخی یا ناراضی موجود نہیں۔ طلاق سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے وسیم عباس نے کہا کہ اس فیصلے پر انہیں کوئی افسوس یا دکھ محسوس نہیں ہوا، کیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ ان کے درمیان وہ جذبات باقی نہیں رہے تھے جن پر رشتہ قائم رہ سکتا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس شادی سے ان دونوں کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ وسیم عباس نے مزید بتایا کہ صبا حمید کے اہلِ خانہ کے ساتھ بھی ان کے تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے۔ ان کے بقول انہوں نے اپنی زندگی میں محبت سے زیادہ باہمی احترام کو اہمیت دی، اور انہیں یقین ہے کہ باعزت انداز میں علیحدگی اختیار کرنا درست فیصلہ تھا۔     اداکار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نہ انہوں نے کبھی میڈیا میں صبا حمید کے خلاف کوئی بات کی اور نہ ہی صبا حمید نے ان کے بارے میں کوئی نامناسب بیان دیا۔ ان کے مطابق دونوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کی عزت کو مقدم رکھا۔ دوسری شادی کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے وسیم عباس نے کہا کہ وہ اس فیصلے کو مکمل طور پر غلط نہیں قرار دیتے، کیونکہ اس وقت انہیں یہی فیصلہ درست محسوس ہوتا تھا۔ تاہم آج اگر وہ ماضی پر نظر ڈالتے ہیں تو انہیں محسوس ہوتا ہے کہ شاید یہ ایک غلط انتخاب تھا، لیکن اس رشتے کے خاتمے پر انہیں کسی قسم کی ندامت نہیں۔ تیسری شادی کے امکان پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کے مطابق وہ دادا بن چکے ہیں، ان کے بچے ان کے ساتھ ہیں اور ان کی پہلی اہلیہ بھی اسی گھر میں رہتی ہیں، اس لیے اب دوبارہ شادی کو وہ مناسب نہیں سمجھتے۔ وسیم عباس کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں مختلف تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ متعدد مداح دونوں فنکاروں کے اس باوقار طرزِ عمل کو سراہ رہے ہیں کہ انہوں نے ذاتی اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کے احترام کو برقرار رکھا۔ دوسری جانب صبا حمید کی طرف سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔