پنجاب بھر میں ملاوٹ شدہ دودھ کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، 4 لاکھ سے زائد لیٹر دودھ تلف
07-08-2026
لاہور (عمران اکبر): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دودھ میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خلاف جاری مہم کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق یکم فروری سے اب تک صوبہ بھر میں 2 لاکھ 23 ہزار 631 ملک شاپس، سپلائرز اور کولیکشن سینٹرز کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 8 کروڑ 97 لاکھ 8 ہزار لیٹر دودھ کا معائنہ کیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائیوں کے دوران 4 لاکھ 9 ہزار 850 لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ تلف کیا گیا، جس کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ میں فیل قرار پائے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دودھ میں پانی، دودھ کا پاؤڈر، ویجیٹیبل گھی اور دیگر ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ ثابت ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق قوانین کی خلاف ورزی پر 357 ملک شاپس، ڈیری یونٹس اور کولیکشن سینٹرز کو بند کیا گیا، جبکہ 271 مقدمات درج کیے گئے۔ علاوہ ازیں، 10 ہزار 729 افراد اور کاروباری اداروں پر مجموعی طور پر 10 کروڑ 16 لاکھ 96 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ ویجیلنس اور ڈیری سیفٹی ٹیموں کی طویل ریکی کے بعد جعلی دودھ کے کاروبار میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غذائی جرائم میں ملوث عناصر کے تمام ہتھکنڈے ناکام بنائے جا رہے ہیں اور صوبہ بھر میں دودھ کی ٹریسیبلٹی اور ترسیل کی مؤثر نگرانی جاری ہے۔