پنجاب میں مزید 2682 سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل
07-08-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کے تیسرے مرحلے کے تحت مزید 2,682 سرکاری سکول نجی شعبے کے حوالے کر دیے گئے ہیں، جہاں تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز 23 اگست سے ہوگا۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے مطابق تیسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد آؤٹ سورس کیے گئے سرکاری سکولوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اس مرحلے میں صرف لاہور سے 42 سرکاری سکول نجی شعبے کے حوالے کیے گئے ہیں۔ پیف حکام کے مطابق سکولوں کی الاٹمنٹ کے لیے این جی اوز کے لیے 40 فیصد جبکہ انٹرپینیورز کے لیے 35 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ جن اداروں کو سکول الاٹ نہیں کیے گئے، وہ 10 جولائی تک پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں اپیل جمع کرا سکتے ہیں۔ اپیل دائر کرنے کے لیے 20 ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ پیف کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد موصول ہونے والی کسی بھی اپیل پر غور نہیں کیا جائے گا۔