لیسکو میٹرز میں ردوبدل کرنے والا ملزم گرفتار

07-08-2026

(لاہور نیوز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے لیسکو کے بجلی میٹرز میں غیر قانونی ردوبدل اور ریورسنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو چھاپہ مار کارروائی کے دوران لاہور سے گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت محمد عارف کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے لیسکو کے بجلی میٹرز، میٹر ریورسنگ ڈیوائسز اور ایک لیپ ٹاپ برآمد کیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم خصوصی سافٹ ویئر اور الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے بجلی میٹرز کے ریکارڈ میں غیر قانونی تبدیلیاں کر رہا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم بجلی کی اصل کھپت کو کم ظاہر کر کے لیسکو کو مالی نقصان پہنچانے میں ملوث پایا گیا ہے، جبکہ برآمد کیا گیا لیپ ٹاپ لیسکو میٹرز کے ڈیٹا میں ردوبدل کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ معاملے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔