لاہور ایئرپورٹ پر جعلی امیگریشن مہر کے ساتھ مسافر گرفتار
07-08-2026
( لاہور نیوز) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ایک پاکستانی مسافر کے پاسپورٹ پر جعلی امیگریشن مہر کا انکشاف کیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کوالالمپور سے آنے والے پاکستانی شہری راشد اللہ کی امیگریشن کلیئرنس کے دوران پاسپورٹ کی جانچ پڑتال کی گئی، جس میں خروج کی جعلی مہر پائی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں مسافر نے انکشاف کیا کہ اس نے جعلی امیگریشن مہر لگوانے کے لیے 2600 ملائیشین رنگٹ ملائیشیا میں مقیم فضل نامی ایجنٹ کو ادا کیے تھے، جس نے اس کے پاسپورٹ پر جعلی مہر لگوائی۔ ایف آئی اے نے ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا ہے، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی سفری دستاویزات اور امیگریشن فراڈ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔