سی سی پی او لاہور کا چینی شہریوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم

07-08-2026

(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویژنز کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور امن و امان سے متعلق مختلف امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں سی سی پی او نے چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر اور سخت بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ویزہ کی مدت ختم ہونے والے افغان باشندوں کی وطن واپسی کا عمل مزید تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ دنوں کے دوران 667 افغان باشندوں کو واپس بھجوایا جا چکا ہے۔ بلال صدیق کمیانہ نے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور سو فیصد اہداف حاصل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے منشیات کے مکروہ دھندے کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے اور خصوصاً آئس سمیت جدید اور مہلک منشیات سپلائی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی۔ سی سی پی او لاہور نے شہریوں کو بہتر پولیس سروسز کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سائلین کو دفاتر کے چکر لگوانے یا غیر ضروری انتظار کروانے کا کلچر ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اگر متعلقہ افسر کسی سرکاری مصروفیت کے باعث دستیاب نہ ہو تو سائلین کو بروقت آگاہ کیا جائے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد نوید اور ایس ایس پی آپریشنز توقیر محمد نعیم سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔