آئی جی جیل خانہ جات کا جیل عملے کی ترقیوں اور سہولیات بہتر بنانے کا فیصلہ
07-07-2026
(لاہور نیوز) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب سالک جلال نے عہدہ سنبھالتے ہی جیلوں میں عملے اور قیدیوں کے لیے رہائش اور کھانے کے معیار کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
آئی جی جیل خانہ جات سالک جلال نے کہا کہ تمام جیلوں کے سرپرائز دورے کیے جائیں گے تاکہ انتظامی امور، سہولیات اور کھانے کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے جیل عملے کے میس اور کھانے کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام سپرنٹنڈنٹس کو خصوصی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ آئی جی جیل نے کیمپ جیل کے اپنے پہلے سرپرائز دورے کے دوران عملے کے میس کا معائنہ کیا، جہاں ناقص سہولیات اور غیر معیاری کھانا سامنے آنے پر لائن افسر اور ایک ملازم کو معطل کر دیا گیا۔ انہوں نے قیدیوں کے میس انچارج کے خلاف بھی ناقص کھانے کے معیار پر انسپکٹوریٹ کو رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی۔ سالک جلال کا کہنا تھا کہ جیل عملے کی رہائشگاہوں کی بہتری، معیاری خوراک کی فراہمی اور ملازمین کی فلاح کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ آج سے نچلے رینک کے ملازمین کی ترقیوں کا سلسلہ بھی باقاعدہ شروع کر دیا گیا ہے۔