عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے پر فائدہ عوام کو منتقل کریں گے، علی پرویز ملک
07-07-2026
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے پر فائدہ عوام کو منتقل کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا پورا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے، عوام پر ایندھن کی قیمتوں کا بوجھ کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اوگرا ہر ہفتے عالمی نرخوں کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرتی ہے اور گزشتہ بیس برس سے یہی طریقہ کار رائج ہے، اوگرا عالمی منڈی میں قیمتوں کی اوسط، درآمدی لاگت اور پی ایس او کے اخراجات کو مدنظر رکھ کر نئی قیمتیں مقرر کرتی ہے۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ کاروباری اداروں کا منافع یا نقصان متعلقہ کمپنیوں کی اپنی ذمہ داری ہے، تاہم حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں ہونے والی کمی من و عن عوام تک منتقل ہو اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔