لاہور: موسلادھار بارش، لیسکو کے 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ

07-07-2026

(لاہور نیوز) شہر لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش برسنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، شہریوں کے مرجھائے چہرے بھی کھل اٹھے۔

سول سیکرٹریٹ،مال روڈ، ہائیکورٹ،مزنگ اور گردونواح میں تیز بارش ہوئی، تیز بارش سے لاہور ہائیکورٹ کے باہر جی پی او چوک میں پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے سائلین اور وکلاء کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اعداد و شمار کے مطابق سگیاں میں 40.2 ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 39.2 ملی میٹر، چوک ناخدا میں 37.4 ملی میٹر، لکشمی چوک میں 35 ملی میٹر اور فرخ آباد میں 17 ملی میٹر بارش ہوئی۔ مغل پورہ، سمن آباد میں 4.6، گلشن راوی میں 4.2، اپر مال میں 3، تاجپورہ میں 2.2، شادی پورہ اور جیل روڈ پر ایک، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کے باعث لیسکو کا بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا اور 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث قلعہ گجر سنگھ، سمن آباد، والٹن روڈ، آر اے بازار، ہربنس پورہ، شالیمار، عامر ٹاؤن، باغبان پورہ، شاہدرہ اور اندرون لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب سی ٹی او لاہور  نے تمام افسران کو ڈویژن اور سرکلز کا دورہ کی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کینال روڈ کے تمام انڈرپاسز پر اضافی نفری تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ نشیبی علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاہم بارش میں کہیں بھی ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہونے دی جائے گی۔