بینکوں کے ڈپازٹس پر کم از کم منافع کے قواعد میں تبدیلی، نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا آغاز

07-07-2026

(لاہور نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی بینکوں کے ڈپازٹس پر کم از کم منافع کے قواعد میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے ایک نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ‘ انویسٹ پاک’ کا باضابطہ آغاز کر دیا۔

سٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا کہ نئی پالیسی کا بنیادی مقصد مارکیٹ میں ریٹیل اور کارپوریٹ سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانا اور انہیں اپنے سرمائے پر بہتر منافع فراہم کرنا ہے جبکہ مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ یہ نئی ہدایات یکم اگست 2026ء سے ملک بھر میں نافذ العمل ہوں گی۔ مرکزی بینک نے منافع کے قوانین کو واضح کرتے ہوئے کہا بینکوں میں ڈپازٹس پر کم از کم منافع کی شرط اب صرف انفرادی اکاؤنٹس پر لاگو ہوگی، بینکوں میں 1 کروڑ روپے تک کا اوسط ماہانہ بیلنس رکھنے والے انفرادی صارفین اس کم از کم منافع کے حقدار ہوں گے۔ کارپوریٹ یا ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے منافع کے قواعد میں نرمی کر دی گئی ہے، اور وہ اب براہِ راست سرکاری سیکیورٹیز میں اپنی سرمایہ کاری کر سکیں گے، حکومتی سیکیورٹیز (ٹی بلز اور انویسٹمنٹ بانڈز) میں عوام اور کمپنیوں کی رسائی بڑھانے کے لیے ‘ انویسٹمنٹ پاک’ پلیٹ فارم متعارف کروایا گیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ریٹیل اور کارپوریٹ دونوں طرح کے سرمایہ کار انتہائی آسان اور محفوظ طریقے سے حکومتی سیکیورٹیز میں انویسٹ کر سکیں گے، سٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ ان ترامیم کے علاوہ بینکنگ سیکٹر کے لیے دیگر تمام موجودہ پرانی ہدایات اور قوانین بدستور برقرار رہیں گے۔