سی ٹی او لاہور کا ڈیفنس موڑ کا دورہ، روڈ انجینئرنگ میں بہتری کے منصوبے کا جائزہ

07-07-2026

(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ڈیفنس موڑ کا دورہ کرتے ہوئے جاری ری ڈیزائننگ اور روڈ انجینئرنگ منصوبے کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے ٹریفک کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل اور ٹریفک کی روانی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے جاری اقدامات پر بریفنگ بھی لی۔ سی ٹی او لاہور  نے کہا کہ ڈیفنس موڑ پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کیلئے روڈ ڈیزائن اور ٹریفک مینجمنٹ میں اہم تبدیلیوں پر عملی کام جاری ہے، منصوبے کے تحت ٹرننگ لین کی چوڑائی 22 فٹ سے بڑھا کر 33 فٹ کی جا رہی ہے تاکہ گاڑیوں کی آمدورفت تیز اور بلا تعطل ہو سکے۔ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق مجوزہ روڈ انجینئرنگ مکمل ہونے کے بعد ڈیفنس موڑ سے گزرنے والی گاڑیوں کی گنجائش 6 ہزار سے بڑھ کر 9 ہزار گاڑیاں فی گھنٹہ ہو جائے گی، جبکہ گاڑیوں کی اوسط رفتار 15 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 40 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد گاڑیوں کی قطاروں کی لمبائی 400 سے 600 میٹر کے بجائے کم ہو کر 100 سے 150 میٹر رہ جائے گی، جبکہ شہریوں کا کراسنگ ٹائم موجودہ 85 سے 110 سیکنڈ سے کم ہو کر 45 سے 60 سیکنڈ تک آ جائے گا۔ سی ٹی او لاہور  نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے شہریوں کے سفر کے دورانیے میں بھی نمایاں بہتری آئے گی اور ٹریول ٹائم 5 سے 6 منٹ کے بجائے صرف 2 سے 3 منٹ رہ جائے گا، جدید ٹریفک مینجمنٹ اور ریشنلائزیشن کے نتیجے میں ٹریفک کنجیشن میں کمی آئے گی، جس سے روزانہ کاربن اخراج بھی نمایاں طور پر کم ہو گا، کاربن ڈائی آکسائیڈ کا یومیہ اخراج 6.4 ٹن سے کم ہو کر تقریباً 3.2 ٹن رہ جائے گا۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ جدید روڈ انجینئرنگ اور ٹریفک مینجمنٹ اقدامات کا مقصد شہریوں کو تیز، محفوظ اور ہموار سفری سہولیات فراہم کرنا اور لاہور میں ٹریفک نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔