لاہور:غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز، 213 سکول سیل کرنے کی سفارش
07-07-2026
(لاہور نیوز) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کرتے ہوئے 213 نجی سکولوں کو سیل کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ان سکولوں کو سیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو سمری ارسال کر دی گئی ہے، جبکہ رجسٹریشن نہ کروانے والے تعلیمی اداروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔ ایجوکیشن حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل 30 غیر رجسٹرڈ نجی سکول سیل کیے جا چکے ہیں، جبکہ 744 نجی سکولوں کو رجسٹریشن کروانے کے لیے پہلے ہی حتمی وارننگ جاری کی جا چکی ہے۔ سی ای او ایجوکیشن طارق محمود کے مطابق حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے والے مزید غیر رجسٹرڈ سکول بھی سیل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام نجی سکولوں کو قانون کے مطابق رجسٹریشن کروانا ہوگی، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔