این سی سی آئی اے کی کارروائیاں، سائبر فراڈ میں ملوث 10 ملزمان گرفتار
07-07-2026
(لاہور نیوز) ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب محمد علی وسیم کی خصوصی ہدایات پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے صوبہ بھر میں سائبر جرائم، مالیاتی فراڈ اور آن لائن دھوکہ دہی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مختلف شہروں سے 10 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق لاہور میں جعلی قرض سکیموں اور ویزا فراڈ کے دو الگ الگ مقدمات درج کئے گئے ہیں، جبکہ نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملتان میں کارروائی کے دوران سوشل میڈیا فراڈ اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ فیصل آباد میں مختلف کارروائیوں کے دوران مزید 4 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران گرفتار کئے گئے مجموعی 10 ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، سم کارڈز اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کر لئے گئے ہیں، جنہیں مزید تفتیش کیلئے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ این سی سی آئی اے کے مطابق فیصل آباد اور ملتان سے گرفتار تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک اور ممکنہ دیگر ساتھیوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔ ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب محمد علی وسیم نے کہا ہے کہ سائبر جرائم، مالیاتی فراڈ، آن لائن بلیک میلنگ اور شہریوں کو دھوکہ دینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے تمام ملزمان کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔