ملک سکیموں سے نہیں، مؤثر پالیسیوں سے چلتے ہیں: حافظ نعیم الرحمان

07-07-2026

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے ملک سکیموں سے نہیں پالیسیوں سے چلتے ہیں، پنجاب حکومت پالیسیوں سے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 ہے اور عوام کو 500 روپے میں مل رہی ہے، حکومت  نے پورے ملک کو گیس سلنڈر پر لگا دیا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پچھلے ہفتے 1 روپے 97 پیسے کم کئے گئے، پٹرول کے ہر لٹر پر غریب عوام سے ٹیکس لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 90 فیصد آبادی موٹرسائیکل چلاتی ہے، ہر ایک لٹر پٹرول پر ہم 100 روپے سے زائد ٹیکس ادا کر رہے ہیں، جب تک ہم سڑکوں پر آکر احتجاج نہیں کریں گے تب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا، اگر ہم احتجاج نہ کرتے تو حکومت نے پٹرول کی قیمت کم نہیں کرنی تھی، کسی بھی صورت پٹرول کی قیمت 225 سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا سرکاری افسران گاڑیاں تو بڑی رکھ لیتے ہیں لیکن اپنا کام پورا نہیں کرتے، اگر ایف بی آر کے افسران اپنا کام ٹھیک کریں تو غریب پر ٹیکس کا بوجھ کم ہو جائے گا۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کسان ہر سال نیچے جا رہا ہے، کھاد کی قیمت کا کوئی تعین نہیں، گنے کی فصل کے پیسے بھی کسان کو پورے نہیں دیئے جاتے ہیں، کپاس کی کاشت میں تاریخی کمی ہوگئی۔ انہوں  نے کہا کہ پنجاب حکومت سکیموں کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے، یہ چند لوگوں کو سہولیات دیتے ہیں، باقی افراد کا نہیں سوچتے، ملک سکیموں سے نہیں پالیسی سے چلتے ہیں، یہاں مافیاز کا راج ہے۔