غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف آپریشن، 154 املاک سربمہر

07-07-2026

(لاہور نیوز) ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ نے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں 154 املاک کو سربمہر کر دیا۔

ترجمان ایل ڈی اے کے مطابق کارروائیاں گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، نیو مسلم ٹاؤن، گجرپورہ، گلشن راوی، ریونیو سوسائٹی، ناز ٹاؤن اور سبزہ زار میں کی گئیں، آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق غیرقانونی کمرشل استعمال پر گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن میں 27 املاک سربمہر کی گئیں، جبکہ غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور کمرشلائزیشن فیس کی عدم ادائیگی پر نیو مسلم ٹاؤن، گجرپورہ اور گلشن راوی میں 50 املاک سیل کی گئیں، اسی طرح ریونیو سوسائٹی میں 42، ناز ٹاؤن میں 20 اور ریکوری آپریشن کے دوران سبزہ زار میں مزید 15 املاک کو سربمہر کیا گیا۔ ایل ڈی اے کے مطابق سیل کی جانے والی املاک میں نجی سکول، اکیڈمیز، کالجز، فارمیسیاں، کلینکس، لیبارٹریاں، گراسری سٹورز، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، بیکریاں، بیوٹی سیلونز، الیکٹرک سٹورز، آٹو ورکشاپس، دکانیں، دفاتر اور دیگر تجارتی مراکز شامل ہیں۔