"اپنا کھیت اپنا روزگار" سکیم سے30 ہزار خاندان زمین کے مالک بنے : عظمیٰ بخاری

07-07-2026

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "اپنی چھت اپنا گھر" اور "اپنی زمین اپنا گھر" کے بعد "اپنا کھیت اپنا روزگار" سکیم کا بھی آغاز کر دیا ہے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ "اپنا کھیت اپنا روزگار" اسکیم کے تحت 30 ہزار خاندانوں کو زمین کا مالک بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کے تحت پنجاب میں ایک لاکھ 80 ہزار افراد اپنی چھت کے مالک بن چکے ہیں، جبکہ "اپنی زمین اپنا گھر" پروگرام کے پہلے مرحلے میں 2 ہزار خاندانوں میں مفت پلاٹ تقسیم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے کسانوں میں 9 لاکھ کسان کارڈ اور 30 ہزار گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ 5 ہزار کسانوں کو سپر سیڈر اور 8 ہزار ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن بھی کی گئی ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں عوامی فلاح اور زرعی ترقی کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ترقی اور خوشحالی اٹک سے رحیم یار خان تک پہنچ چکی ہے اور مریم نواز پروپیگنڈے، جھوٹ اور الزامات کا جواب اپنی کارکردگی سے دے رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ عوام کی خدمت کا موقع انہی لوگوں کو ملتا ہے جو عوامی فلاح کے لیے کام کرتے ہیں۔