پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کیلئے 125 ارب روپے مختص، 42 نئی سکیموں کی منظوری

07-07-2026

(لاہور نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ مواصلات کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں روڈ سیکٹر کے ترقیاتی پروگرام، فنڈز کے استعمال اور جاری و آئندہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ انیشیٹو، لوکل روڈز پروگرام اور تکمیل کے قریب منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 125 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ روڈ سیکٹر میں ترقیاتی فنڈز کا 99 فیصد استعمال یقینی بنایا گیا۔ لوکل روڈز پروگرام کے تحت 79 ارب روپے کی لاگت سے 1,567 اسکیمیں اور 3,400 کلومیٹر طویل سڑکیں شامل ہیں، جن میں سے صرف 75 روز میں 1,129 اسکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں۔ بریفنگ کے مطابق روڈ ریسٹوریشن منصوبوں میں 11 ارب روپے کی بچت کی گئی، جبکہ 93.5 کلومیٹر طویل ملتان-وہاڑی ڈوئل روڈ، 24 کلومیٹر فیصل آباد-چنیوٹ ڈوئل روڈ اور 13 کلومیٹر طویل ٹورازم ہائی وے مکمل کر دی گئی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ تمام 124 سڑکوں کی بحالی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ اجلاس میں پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے تحت 6 نئے جدید سروس ایریاز قائم کرنے کی منظوری دی گئی، جن سے سالانہ 50 کروڑ روپے آمدنی متوقع ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ رنگ روڈ پر بین الاقوامی معیار کے سروس ایریاز تعمیر کیے جائیں اور تمام 6 سروس ایریاز رواں سال دسمبر تک فعال کر دیے جائیں۔ اجلاس میں نئے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے تحت سڑکوں کی تعمیر کی 42 نئی اسکیموں، لوکل روڈز کے لیے 17 ارب روپے، وزیراعلیٰ انیشیٹو کے لیے 17.23 ارب روپے اور پنجاب میں نئی سڑکوں کی تعمیر کے لیے 51 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں زیر تعمیر تمام سڑکوں کی تکمیل کی حتمی ٹائم لائن پیش کی جائے اور سیلاب سے متاثرہ مقامی سڑکوں کی تعمیر و بحالی جلد مکمل کی جائے۔