برائلر گوشت کے نرخ میں اضافہ، قیمت 417 روپے مقرر

07-07-2026

(لاہور نیوز) برائلر مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

مارکیٹ میں برائلر مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس نے سفید پوش طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر مرغی کے نرخوں میں 14 روپے فی کلو کا بڑا اضافہ کر دیا گیا ، جس کے بعد برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 417 روپے کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں سرکاری نرخ نامے کی سرعام خلاف ورزی دیکھنے میں آ رہی ہے اور دکانداروں کی جانب سے شہریوں کو صافی گوشت 500 روپے فی کلو تک مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔ مرغی کے گوشت کے ساتھ ساتھ زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 10 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے، مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نئی لسٹ کے مطابق مختلف سطحوں پر ریٹ مقرر کر دیئے گئے ہیں جن کے تحت فارم گیٹ پر زندہ مرغی کا ریٹ 260 روپے فی کلو، ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 274 روپے فی کلو، جبکہ پرچون بازار عام شہریوں کیلئے زندہ مرغی کی قیمت 288 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ دوسری جانب مرغی کے گوشت کے ساتھ ساتھ انڈوں کی قیمتوں کو بھی کرنٹ لگ گیا ہے، انڈوں کے دام 1 روپیہ فی درجن بڑھا دیئے گئے ہیں، جس کے بعد پرچون بازار میں انڈوں کی سرکاری قیمت 233 روپے درجن مقرر کی گئی ہے جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی کی قیمت 6 ہزار 870 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔